بھٹکل:13/جون (ایس اؤنیوز)امسال ہورہی بارش سرکاری سطح پر اور عوامی نمائندوں کی طرف سے کئے گئے کئی ایک کاموں کی پول کھولتی جارہی ہے۔تعلقہ میں جو کچھ ترقی جات کے کام ہورہے ہیں اور جو کام مکمل ہوئے ہیں ان پر ایک نظر ڈالیں تو ساری حقیقت کا پتہ چلتاہے۔ اس سلسلے میں روزانہ سڑکوں پر دوڑنے والے رکشاڈرائیوروں نے سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور درستی کے نام پر بدانتظامی اور غیر معیاری کام کئےجانے کا الزام لگایا ہے۔
رکشا ڈرائیوروں نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ شہر کے شمس الدین سرکل اور ماوین کوروے بندر کو جوڑنے والی سڑکیں مخدوم کالونی، بیلنی سمیت مختلف جگہوں پرنئی سڑکوں کی تعمیر ،پرانی سڑکوں کی مرمت اوردرستی کے نام پر موجودہ راستوں کو کھود کر یوں ہی چھوڑا گیا ہے اور ٹھیک سے کام نہیں کرنے کی وجہ سے سواریوں کے لئے کافی دشواری پیش آنے کارکشا ڈرائیوروں نے الزام لگایا ہے۔وہیں مخدوم کالونی سڑک کے درمیان کیچڑ کا تالاب تعمیر ہواہے تو بیلنی میں تعلقہ پنچایت کی جانب سے پہاڑ کے ڈھلوان پر مین روڈ کو جوڑنے کے لئے جوسمنٹ کاروڈ تعمیر کیا گیا ہے اس کے بیچ میں کہیں بھی اندرونی نالی نہیں ہونے اور پہلے سے جو موجود تھی وہ بھی بند جانے سے پہاڑ کی مٹی بارش کے پانی کے ساتھ بہہ کر سڑک پر جمع ہوگئی ہے، راستہ کیچڑ میں گم ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ ماوین کوروے علاقہ میں پینےکے پانی کاسپلائی کرنے کے لئے پائپ لائن ڈالنے نئی سڑک کو کھودا گی لیکن پائپ پر بس مٹی ڈال کر یوں چھوڑدیا گیا ہےاور بارش کے موسم میں جہاں تہاں چھوٹے چھوٹے تالاب تشکیل پاگئے ہیں جس کی وجہ سے سواریوں کوگزرنے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ماوین کوروے بندر، تلگوڈ اور کریکال کو جوڑتے ہوئے جو نئی سڑک تعمیر کی گئی ہے اس تعلق سے بھی عوام نے کام معیاری نہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی تعمیر کو سال گزرنے سے پہلے ہی راستہ بھر گڑھے ہی گڑھے بن گئے ہیں۔ ان کاموں کے متعلق کوئی عوامی نمائندہ توجہ نہ دینےپر عوام نے اپنی برہمی کا اظہار کیاہے۔ رکشا ڈرائیوروں سمیت عوام نے محکمہ آب پاشی اور ضلع پنچایت انتظامیہ سڑکوں کی بدنظمی اور خرابی کے متعلق فوری توجہ دے کر کام کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ اگر کوئی بھی دھیان نہیں دیتاہے تو رکشا مالکان اور ڈرائیورعوام کے تعاون سے سخت احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس موقع پر ہنومنت نائک، کرشنانائک، ایشور نائک، رام چندر نائک وغیرہ موجود تھے۔